سری نگر ، 4 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر حکومت نے غیر ملکی سیاحوں کو لداخ کے لیہہ ضلع کے ممنوعہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کے لیے محفوظ علاقہ پرمٹ (پی اے پی )نظام میں نرمی دی ہے۔حکومت کے اس فیصلے سے علاقے میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونے اور مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی امید ہے۔اس فیصلے سے اب غیر ملکی سیاحوں کو لیہہ میں نوربا وادی کے یارما گومپا مٹھ سمیت پنامک،فک پو چے، ہرگم، تکش، سسوما، چگلنگ، کوبیٹ، ارانو ، کھیمی اور وارشی جیسے کئی علاقوں میں سفر کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ایک سرکاری ترجمان نے آج بتایا کہ حکومت نے غیر ملکی سیاحوں کو لیہہ میں اب تک ممنوعہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کے لیے محفوظ علاقہ پرمٹ (پی اے پی )میں نرمی دینے کی ہدایت دی ہے۔27؍ستمبر کو اس ضمن میں ریاست کے محکمہ داخلہ کی طرف سے ایک رسمی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ 2015میں علاقے کو مقامی سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا تھا اور ایسا ان دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگی اور ذریعہ معاش پر مثبت اثرات ڈالنے کے لیے کیا گیا تھا۔10 ہزار فٹ کی اوسط اونچائی پر واقع نوربا وادی اپنی غیر معمولی خوبصورتی ، بدھ مت مٹھوں اور بکری پروری کے لیے مشہور ہے۔